سیالکوٹ واقعہ انتہائی  افسوسناک، وزیر اعظم ،وزیراعلیٰ  پنجاب اور  آرمی چیف نے  نوٹس  لے لیا؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

55

 

لاہور، 4 دسمبر(اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ  سیالکوٹ واقعہ باعث ندامت ہے جس کا وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیا ہے اور وہ  اس معاملہ کی خودنگرانی کر رہے ہیں، آرمی چیف کا نقطہ نظر بھی واضح ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے، توقع ہے کہ ہم جلد اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ واقعہ کے پیچھے کیا حقیقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے ہائی کمیشن کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں جنہوں نے پاکستان کے موقف اور فوری کارروائی کو سراہا ہے۔ اس واقعہ کے بارے میں پورے طبقے یا ملک پر انگشت نہیں اٹھائی جا سکتی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور اس واقعہ سے سری لنکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہرگز خراب نہیں ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ میں جان سے ہاتھ دھونے والے سری لنکن فرد کی فیملی سے رابطہ کیا گیا جن کی خواہشات کے مطابق سب کچھ کیا جائے گا۔