کراچی،05 دسمبر (اے پی پی ):کراچی سمیت آج سندھ بھر میں سندھی کلچر ڈے بھر پور اندازاورجوش سے منایاگیا، سندھ کے مختلف شہروں میں سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
اتوارکے روزشہر قائد کے شہریوں نے کلچر ڈے کے موقع پر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھی کلچر ڈے ہم ہر سال بھرپور انداز میں مناتے ہیں تاکہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھ سکے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے لوگ سندھ سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں جس کااندازہ کلچر ڈے پر عوام کے جوش و خروش سے لگایا جاسکتا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والی ریلیاں جس میں گلشن، لیاری لانڈھی، صفوراگوٹھ، ملیر،گولیمار اور یگر علاقوں سے کراچی پریس کلب پہنچیں جبکہ گورنر ہاﺅس کے قریب فوارہ چوک پر بھی شہریوں نے ثقافتی رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
اس مو قع پر ایک شہری نے کہا کہ سندھی ثقافت کی ایک خوبصورت پہچان سندھی ٹوپی اوراجرک ہے، یہاں کے رہنے والے مہمانوں کو سندھی ٹوپی اوراجرک کا تحفہ دے کراپنی محبت کااظہارکرتے ہیں۔ کراچی میں بھی سندھی کلچر ڈے کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران سندھی نغموں پر رقص کیا گیا۔آج کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں سیاسی و سماجی رہنماوں کے علاوہ بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد ریلیوں میں شریک تھیں۔سکھر میں بھی ثقافتی رنگوں کی بہار، طلبا و طالبات نے ٹیبلوز پیش کئے تو سماں بندھ گیا۔ کشمور اور لسبیلہ میں بھی سندھی کلچر ڈے بھر جوش وخروش سے میں منایا گیا، تقریبات اور ریلیاں نکالی گئیں ، شرکا نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر سندھی نغموں پر رقص کیا۔ لاڑکانہ ، سانگھڑ اور گھوٹکی میں بھی سندھی کلچر ڈے منایا گیا۔
سندھی کلچر ڈے کے موقع پر شہر شہر ریلیاں نکالی گئی ، سندھی گیتوں پر رقص کرتے شہری اپنی ثقافت کا اظہار کر رہے ۔تھرپارکر میں بھی سندھی کلچر ڈے کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں،آج ملک بھر میں سندھ کی ثقافت ٹوپی اور اجرک کا دن منایا گیا، اس ضمن میں کراچی اور صوبے کے دوسرے اضلاع میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔