نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر ٹریننگ سینئر افسران کا لاہور میوزیم کا دورہ

20

لاہور، دسمبر 7(اے پی پی): نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں مڈ کیریئر ٹریننگ کورس کے مختلف گروپ پر مشتمل 10رکنی سینئر افسران نے لاہور میوزیم کا دورہ کیا۔دس رکنی وفد کی سربراہی ڈی ایس میڈم سعدیہ نے کی۔ لاہور میوزیم پہنچنے پر ڈائریکٹر لاہور میوزیم اعجاز احمد منہاس نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں تاریخی لاہور میوزیم کا مکمل دورہ کروایا اور میوزیم کے بارے میں بریف کیا۔ڈائریکٹر اعجاز احمد منہاس نے وفد کو لاہور میوزیم کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں  کے حوالے سے  بتایا کہ لاہور میوزیم نے ہزاروں سال پرانی علاقائی تہذیب کو انتہائی نگہداشت سے سنبھال کر رکھا ہوا ہے اور اس کی مزید بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میوزیم دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج روشناس کرانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔انہوں نے وفد کو بتایاکہ لاہور میوزیم نے تمام ایمبیسی ،یونیورسٹی،کالجز ، اسکولوں سمیت دیگر اداروں کو لاہور میوزیم کے وزٹ کے حوالے سے خطوط لکھیں ہیں تاکہ نئی نسل کو ہزاروں سالہ پرانی تہذیب سے مستفید اور تاریخی ورثہ سے روشناس کروایا جا سکے۔ وفد نے لاہور میوزیم کی تمام گیلری /سیکشنز کا دورہ کیا اور تاریخی نوادرات دیکھے ۔ اپنے تاثرات میں وفد کا کہنا تھا کہ لاہور  میوزیم میں آکر اچھا لگا اور وہ حیران ہیں کہ لاہور میوزیم انتظامیہ نے جس قدر تاریخی ورثہ کو سنبھال کر رکھا ہوا ہے وہ  قابل ستائش ہے ۔ لاہور میوزیم کمیونٹی اور نئی نسل کو تاریخی ورثہ سے روشناس کرانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔