حیدرآباد۔7دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، قائدِ حزبِ اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جئہ پرکاش لوہانہ سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنان نے بڑی تعداد کی گھارو، ٹھٹھہ، کوٹڑی، حیدرآباد میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ حیدرآباد میں پی ٹی آئی ریجنل و ضلعی تنظم کی جانب سے احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ پی ٹی آئی حیدرآباد کے رہنما خاوند بخش جئیجو، امین اللہ موسیٰ خیل، عمران خان قریشی، کیو محمد حاکم، سیمیٰ شیخ، لالا اویس، جمشید شیخ، آفتاب قریشی و دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے تمام احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے کر نئی بلدیاتی ترمیمی بل 2021کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مختلف مقامات پر اپنے خطاب میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا پیپلزپارٹی کی جانب سے کالا بلدیاتی قانون پاس کرنے کے خلاف تحریک انصاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سندھ کی عوام نے اس کالے قانون کو مسترد کردیا ہے ، سندھ پر زردار اور سردار کا نظام تھوپنے نہیں دیں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ کا باشعور عوام “ریاست زردار” کے خلاف جدوجہد کے لیے تیار ہے، سندھ کے نوجوانوں سے سیاسیت کا حق بھی چھینا جارہا ہے ، پیپلزپارٹی کے وڈیرے ان کے بیٹے بھتیجے بلدیاتی اداروں میں بھرے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری اور مراد علی شاہ صوبے کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں، 14 سالوں میں سندھ کی عوام کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی گئیں ہیں ، سندھ بھر میں اس دہرے نظام کے خلاف احتجاج کریں گے ہر شہر ہر گائوں میں جاکر عوام کو بتائیں گے کس طرح پیپلزپارٹی نے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا ہے، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم سندھ حکومت سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں مگر پہلے بل واپس لیں اور پہلے دن کی پوزیشن پر واپس آئیں، ہم سندھ کی عوام کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ بھی کریں گے ، سندھ کو لوٹنے والے اب بلدیاتی نمائندوں کے حقوق کھارہے ہیں، یہ سندھ کے بلدیاتی نظام کو ایک گھر کے ماتحت کرنا چاہتے ہیں، شہری اور دیہی علاقوں کا فرق ہی ختم کیا جارہا ہے ، سندھ حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے، کالے قانون سے بلدیاتی اداروں کے تمام اختیارات ختم کیے جارہے ہیں، اس قانون کے بعد بلدیاتی نمائندے کے پاس صرف واش روم کے اختیات ہونگے، سندھ کے ساتھ پیپلزپارٹی کی دشمنی قبول نہیں کریں گے ، سندھ کی عوام پی پی کے وزراء کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے ، پیپلزپارٹی سندھ میں بلدیاتی نظام کے ذریعے زردارانہ سردارانہ نظام لاگو کرنا چاہتی ہے، سندھ کی عوام کو غلام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قبل ازیں ٹھٹھہ میں پی ٹی آئی ٹھٹہ کے صدر ارسلان بروہی کی قیادت میں نئے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، کوٹڑی میں پی ٹی آئی ریجنل صدر پیر مرتضیٰ شاہ جیلانی کی قیادت میں احتجاجی ریلی و مظاہرہے کا انعقاد بھی کیا گیا۔