وزیراعظم عمران خان کل پشاور میں نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کریں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف

7

پشاور، 7دسمبر(اے پی پی): معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل پشاور میں نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کریں گے جو حکومت کا اسلامی فلاحی ریاست کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے اس بات کا اعلان پشاور اطلاعات سیل میں منعقدہ اپنی ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ اس ایک کارڈ سے حکومت کی جانب سے شروع تمام عوامی فلاحی پروگرامز استعمال ہوں سکیں گے، جبکہ احساس راشن پروگرام، کسان کارڈ، صحت کارڈ پلس سب اس میں شامل ہوں گے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اس پروگرام کا سب سے پہلے صوبہ خیبرپختونخوا سے آغاز ہو رہا ہے اور ہر خاندان شہری کا اپنا مخصوص کیو آر کوڈ ہو گا جس کے ذریعے وہ متعلقہ پروگرام سے مستفید ہو گا۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کی کل لاگت 120 ارب ہے جبکہ اس پروگرام کے تحت 2 کروڑ خاندان اور تقریباً 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے جو ملک کی کل آبادی کا تقریباً 53 فیصد بنتا ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ جن شہریوں کی ماہانہ آمدن 50 ہزار سے کم ہے وہی اس پروگرام کے اہل ہوں گے اور ان  اہل صارفین کو آٹا، گھی یا تیل اور دالوں پر کی گی کل خریداری کی 30 فیصد رعایت ملے گی، ساتھ ہی سٹور مالکان بھی اس پروگرام میں رجسٹر ہو سکتے ہیں۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صحت کارڈ کا اجراء بھی خیبر پختونخوا سے ہوا اب نیا پاکستان کارڈ کا آغاز بھی یہاں سے ہو رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہیں۔