گذشتہ70 سالوں کے مسائل کو 5 سالوں میں حل کرنے کی کوشش کررہےہیں،صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کا سیالکوٹ میں کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب

18

سیالکوٹ۔7دسمبر  (اے پی پی):صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے صوبا ئی اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کے موضع ملوچھت میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ70 سالوں کے مسائل کو 5 سالوں میں حل کرنے کی کوشش کررہےہیں،ہائیر ایجوکیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔معیاری گرایجوایٹس نہ ہونے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں دستیاب جاب حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ہمارا قصور ہے کہ ہم  وہ پاکستان نہیں بنا سکے جو اقبال کا خواب تھا اور جس کی تکمیل قائد اعظم محمد علی جناح نے کی۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نظام تعلیم کو درست سمت کی جانب لے جارہے ہیں۔اس مقصد کے حصول پر محکمہ تعلیم میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعےمیرٹ پر بھرتیاں کی گئیں ہیں۔ اب ان کی ذمہ داری ہے کہ میرٹ کو نچلی سطح تک یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ڈیمانڈ  مطابق ایسے کورسسز کروائے جاسکتے ہیں جو دستیاب جاب سے مطابقت رکھتے ہوں۔امریکہ کی طرز پر ایسوسی ایٹ ڈگری کے پروگرامز کا اجراء کیا جارہا ہے۔5 ہزار ٹیچرز بھرتی کرینگے جبکہ ضرورت کے مطابق 2 ہزار مزید سی ٹی آئیز بھرتی کیلئے وزیر اعلی کو سمری بھجوا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح یونیورسٹیز کو ٹھیک کرنا تھا۔تمام وائس چانسلر کو ٹاسک  دیا کہ وہ یونیورسٹیز کی رینکینگ کو بہتر بنائیں یعنی ایسی تعلیم دیں جس کو عالمی سطح پر پزیرائی مل سکے۔ 3 سالوں پنجاب کی یونیورسٹیز کی عالمی  رینکینگ100 فیصد بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری تمام توجہ کالج سیکٹر  اور ان میں دی جانے والی تعلیم کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور احسن سلیم بریار کی جانب سے حلقہ کی عوام کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوششوں کو سراہا اور اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجہ یاسر ہمایوں سرفراز پڑھے لکھے، نوجوان، پرعزم، ذمہ دار اور فرض شناس صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن ہیں صوبہ میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر رہائش پذیر میرے حلقہ کی بچیاں طویل سفر کی صعبتیں برداشت کرکے شہر میں جاکر تعلیم حاصل کرتی تھی جو ہر بچی کے والدین کی استطاعت کی بس کی بات نہیں۔گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج ملوچھت کی بدولت میری بہن بیٹیوں کو معیاری تعلیم ان کے گھروں کے قریب میسر آئیں گی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھی شکر گذار ہوں جن کی ہدایت پر کالج کی بلڈنگ کو مکمل کرکے محکمہ تعلیم کے حوالے کیا گیا۔انہوں نے صوبائی وزیر سے اپیل کی اس کالج میں زیر تعلیم طالبات کو اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے در مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔اس کالج کے فیض سے حلقہ کے سب سے اہم فرد جو مستقبل کی مائیں ہیں جن کی گود میں قوم نے پروان چڑھنا ہے کی تعلیم اور تربیت کے پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔جس سے علاقہ حقیقی معنوں میں ترقی کی منازل طے کرے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سانحہ سیالکوٹ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر اقبال کے شاہینوں کا شہر ہے جس کی فی کس آمدن اور خواندگی ملک کے دیگر اضلاع سے سب سے زیادہ ہے ایسا واقعہ  سیالکوٹ کےحقیقی چہرے کو مسخ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ سیالکوٹ ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی کا مظہر رہا ہے۔ سانحہ سیالکوٹ کے بعد ہزاروں انڈسٹریل لیبر کی جاب داؤ پر لگ گئی۔ ہم اس قسم کی انتہا پسندی کی سوچ کی متحمل نہیں ہوسکتے۔ عمران خان دنیا کو بتانے کیلئے کوشاں ہیں کہ اسلام پُرامن مذہب ہے اس قسم کے واقعات سے ان کی کوششوں کو ٹھیس لگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماچودھری محمد سلیم بریار  نے صوبائی وزیرہائیر ایجوکیشن کو پی پی 38 میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ضمنی  الیکشن میں پی ٹی آئی نے یہاں سے تاریخی فاتح حاصل کی۔حلقہ کے عوام نے پی ٹی آئی کو اپنے مسائل کے حل کیلئے ووٹ دیا ان کی امیدوں پر پورا اترنے کیلئے الیکشن میں عوام سے کئے گئے  وعدوں کو ملکر حل کرینگے۔ حلقہ میں نوجوان نسل کو اعلی تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کو ان کی گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔قبل ازیں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ملوچھت کا افتتاح کیا۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان, پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چودھری محمد سلیم بریار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالرؤف ،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر سید مختار،, ڈی ڈی کالجز اقبال کلویا، پراجیکٹ ڈائریکٹر /پرنسپل گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج مجاہد بخاری، پرنسپل پروفیسر طیبہ کوثر،,رانا اعجاز، پرنسپل گورنمنٹ علامہ اقبال کالج برائے خواتین سیالکوٹ پروفیسر زیبا ظہور ،پروفیسرصہیب رانا اور سید عتیق حسین کے علاوہ  کثیر تعداد میں معززین علاقہ,،ماہرین تعلیم اور طالبات نے شرکت کی