ملتان؛ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،20 کلو زائدالمعیاد خوراک تلف

31

ملتان، 8 دسمبر (اے پی پی ):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ،آئسکریم پروڈکشن یونٹ کی  بہتری تک پروڈکشن بند، خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے کر دئیے گئے ہیں۔ 100 لٹر انڈسٹریل گریڈ کلر، 80 لٹر ناقص اجزاء سے تیار آمیزش، 20 کلو زائدالمعیاد خوراک تلف کر دی گئی ہیں ۔

اس سلسلے میں  ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ آئسکریم کا سیمپل فیل ہونے پر گلگشت میں واقع پروڈکشن یونٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند کردی ہے ،فوڈ پروسیسنگ یونٹ کو چنوں کی پروسیسنگ کےلیے انڈسٹریل رنگ کا استعمال کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ڈی  جی  رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ پاپڑ کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء سے تیار آمیزش کی ملاوٹ کرنے پر پاپڑ فیکٹری کو 20 ہزار جرمانہ عائد کردیا ہے ،  زائدالمعیاد خوراک کی موجودگی پر بیکری اور ریسٹورنٹ کو 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارروائیاں یعقوب ٹاؤن، گلگشت کالونی، چوک کمہاراں اور دیگر علاقوں میں کی گئیں ہیں۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک میں مضرصحت اجزاء کا استعمال انسانی صحت کےلیے انتہائی نقصان دہ ہے ، خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔