نوشہروفیروز؛ ڈپٹی کمشنر   محمد تاشفین عالم کا  ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

58

نوشہرو فیروز،08 دسمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر   محمد تاشفین عالم نے  ڈسٹرکٹ جیل نوشہروفیروز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ شہاب الدین صدیقی  اور اسسٹنٹ کمشنر نوشہروفیروز احسان اللہ بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جیل میں قائم تربیتی مرکز، تعلیم بالغان مرکز اور اسلامی تعلیم مرکز کا دورہ کیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے قیدیوں سے مسائل معلوم کئے اور کہا کہ کسی بھی قیدی کو اگر کوئی قانونی مدددرکار ہو تو وہ ان سے مدد لے سکتے ہیں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جیل میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھنا خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے اور قیدیوں کی تعلیم و تربیت  خاص توجہ دی جائے تاکہ جب وہ جیل سے قید کاٹ کر آزاد ہوں تو وہ معاشرے کے کارآمد شہر ی بھی ثابت ہوں۔

اس موقع پر جیل سپرینٹنڈنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ جیل کے قانون کے مطابق تمام قیدیوں کو سہولیات فراہم کا جارہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ جیل  کے اندر صفائی ستھرائی کے انتظامات اور خوراک کی فراہمی کے انتظامات احسن انداز میں مکمل کئے جارہے ہیں جبکہ جیل کی بیرکیں پرانی ہونے اور واش رومز کے دروازے اور دیگر سہولیات کی کمی کا سامنا ہے ۔ اس کے باوجود جیل کے اندر صحت مند سرگرمیوں کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور جیل کے قوائد کے مطابق  سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

 اس موقع پر چند ایک قیدیوں نے سہولیات اور مقدمات میں تاخیرکی شکایت بھی کی ان شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے فوری حل کے لئے تمام قانونی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سورس:وی   این ایس،  نوشہرو فیروز