لاہور، 9 دسمبر (اےپی پی):حکومت پنجاب کی سخت ہدایت پر ضلعی انتظامی نے گرانفروشوں کے خلاف حکمت عملی وضع کرنے کے لئے سر جوڑ لئے ،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ کی زیر صدارت اہم اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات،جمعہ اور ہفتہ کے روز سخت کریک ڈاؤن عمل میں لانے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ روٹی، نان، گوشت، چینی، آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،اگر کوئی خلاف قانون سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو موقع پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔
علاوہ ازیں بروز ہفتہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
اجلاس کے موقع پر ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کھاد کی خرید وفروخت کے حوالے سے بھی مانیٹرنگ کی ہدایات جاری
کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اور بلیک میں کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی ہدایات واضح ہیں کہ عوام کو لوٹنے والے گرانفروشوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
سورس : وی این ایس، لاہور