سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کئمپس عمرکوٹ کی پہلے بیچ نے بیچلر ڈگری مکمل کرلی، طلباء کی طرف سے  شاندار  الوداعی تقریب  کا انعقاد

9

عمر کوٹ،09 دسمبر (اے پی پی): سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کئمپس عمرکوٹ کی پہلے بیچ نے بیچلر ڈگری مکمل کرلی، طلباء کی طرف سے پہلی بیچ کے پاس ہونے پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈائریکٹر کیمپس اور ڈپٹی کمشنر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

 تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام سے الحاق شدہ سب کیمپس عمرکوٹ کی پہلی بیچ نے چار سالہ پہلی بیچلر ڈگری مکمل کر لی ہے، پہلی بیچ کی تکمیل پر ان کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سب کیمپس عمرکوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جان محمد مری اور ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن مہمان خصوصی تھے۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سب کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جان محمد مری نے کہا کہ سب کیمپس عمرکوٹ سے بی ایس سی کی ڈگری حاصل کرنے والے گریجویٹ تھر سمیت دیگر علاقوں میں زرعی ترقی کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ ہم ادارے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مختلف ڈگری کورسز بھی متعارف کروا رہے ہیں جس میں وٹرینری کا ڈپلومہ بھی شامل ہے۔

 ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ عمرکوٹ میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کے بعد شہراور تھر کے مختلف علاقوں میں ترقی کی توقعات بڑھ گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی جانب سے سب کیمپس عمرکوٹ کیلئے دلچسپی سے علاقے کے کسانوں، ماہیگیروں کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کے اعلیٰ تعلیم کا خواب بھی پورا ہو رہا ہے۔

سامی فاؤنڈیشن کے مصطفیٰ کھوسو نے کہا کہ سب کیمپس عمرکوٹ، تھر  میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مختلف تحقیقی، سروے اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے پل کا کردار ادا کرے گا۔

 اس موقع پر ایس آر یس او کے امتیاز کوسو، ڈاکٹر وشنداس، سلیم چانگ، محمد نواز میربحر،  امام بخش چاچڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈگری مکمل کرنے والے طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پرپہلی بیچ کے کیلئے الوداعی پارٹی کے دوران کیک بھی کاٹا گیا۔

سورس: وی این ایس