مری،09 دسمبر(اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا موسم سرما (برف باری سیزن) کے حوالے سے کوہ مری سیکٹر کا معائنہ کیا اور کہا کہ سخت موسمی حالات میں شاہراہوں پر سیاحوں کی سہولت کے لیے ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران و جوانوں کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک مری اجمل ستی نے سی ٹی او راولپنڈی کومری کی اہم سڑکوں ، رش والے مقامات اور سیزن کے دوران ون وے کی جانے والی سڑکوں کا معائنہ کروایاسی ٹی او راولپنڈی نے ٹریفک چوکی مری، ایم ٹی سیکشن ،ٹریفک افسران کی رہائش گاہ ،ٹریفک آفیسر میس کا بھی معائنہ کیا۔مری میں تعینات ٹریفک وارڈنز سے ملاقات کی اور انھیں شاباش دی۔ ٹریفک چوکی میں موجود ریکارڈ چیک کیا اور ای پیمنٹ چلاننگ سسٹم کے تحت چالانوں کے اندارج کا جائزہ لیا۔
ٹریفک وارڈنز کی رہائش گاہ اور ٹریفک آفیسر میس کے معائنہ کے دوران ڈی ایس ٹریفک مری کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا مری میں تعینات ٹریفک وارڈن اور سپیشل ڈیوٹی آنے والی نفری اپنے گھروں سے دور سیاحوں کو ہر طرح کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سخت موسمی حالات میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہوتے ہیں اور ویک اینڈ اور رش والے دنوں میں اضافی اوقات میں بھی ڈیوٹی بھی کرتے ہیں لہذا ان کی رہائش اور کھانے کے حوالے سے ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے، موسم سرما میں برف باری سیزن کے حوالے سے اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ تجربہ کار ٹریفک وارڈنز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مری آنے والے سیاحوں کے ساتھ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کا اچھا اخلاق اور بہترین کردار فورس کے وقار کی سر بلندی کا ضامن ہے ، دوران سیزن ٹریفک لا ء انفورسمنٹ کے ساتھ آن گراﺅنڈ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی پہلی ترجیح ہے، جو ٹریفک افسران و جوان اچھی ڈیوٹی سر انجام دے گا اسے انعام سے بھی نوازا جائے گا اور ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ٹریفک وارڈنزکو درپیش مسائل کے حل اور ان کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر انھوں نے مری آنے والے سیاحوں سے بھی اپیل کی کہ مری میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ آپ کا سفر محفوظ اور خوشگوار رہے۔
سورس:وی این ایس، مری