جو قومیں خواتین کی توانائی کو ضائع کرتی ہیں وہ ترقی کے آدھے مواقع کھو دیتی ہیں،ڈاکٹرثانیہ نشتر

38

اسلام آباد۔10دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نے جمعہ کو  یہاں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم کی تقریب بعنوان ’’ہمیں احساس ہےخواتین کا‘‘ سے بطور مہمان خصوصی  اپنے خطاب  میں کہا کہ جو قومیں خواتین کی توانائی کو ضائع کرتی ہیں وہ ترقی کے آدھے مواقع کھو دیتی ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نے  مزید کہا کہ خواتین کی بااختیاری کو یقینی بناتے ہوئے، احساس کیش ٹرانسفرز، احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپس، احساس بلاسود قرضے اور احساس آمدن اثاثوں کی منتقلی سمیت احساس کے تمام اقدامات میں احساس پچاس فیصد پلس پالیسی شامل ہے۔ فی الحال، احساس بینک اکاؤنٹس کی فراہمی کے ذریعے 80 لاکھ احساس کفالت مستحقین کی مالی شمولیت کو بھی یقینی بنا رہا ہے؛ یہ سارا عمل چھ ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ لڑکیوں اور خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لیے تعلیم ضروری ہے۔ احساس دنیا کا واحد پروگرام ہے جو اپنے مشروط کیش ٹرانسفر (سی سی ٹی) پروگرام کے تحت لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کے لیے زیادہ وظیفہ کی رقم فراہم کرتا ہے۔