چنیوٹ ، 10 دسمبر (اے پی پی ): آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر سننے اور انکے حل کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر) بلال افتخار نے تھانہ صدر چنیوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ڈی پی او نے کھلی کچہری کے دوران پیش ہونے والے لوگوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو درخواستیں مارک کیں۔
ڈی پی او نے لوگوں کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور کمپلینٹ سیل افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کی دادرسی یقینی بناکردرخواستوں کی فالواپ رپورٹ پیش کی جائے۔
ڈی پی او نے ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش ہونے والے شہریوں سے فیڈبیک لیا جائے اور سیٹیسفیکشن لیول چیک کی جائے۔
ڈی پی او نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع چنیوٹ میں امن و امان کا قیام،بروقت انصاف کی فراہمی،لوگوں کے جان و مال کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔موٹرسائیکل چوری،مویشی چوری،سٹریٹ کرائم و دیگر کرائم کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی سے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈکیتوں،چوروں،منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے عوام کو پولیس کا ساتھ دینا ہوگا۔دیہاتی علاقوں میں لوگوں کی مدد سے ٹھیکری پہرہ لگایا جارہا ہے جبکہ تھانہ جات میں مظلوم کی دادرسی کو یقینی بنانے،پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔کسی کیساتھ بھی ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کسی بھی شکایت کی صورت میں عوام الناس کو سب سے پہلے متعلقہ پولیس سٹیشن سے رجوع کرنا چاہیے اگر کسی بھی وجہ سے دادرسی نہ ہوسکے تو میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔
ڈی پی او نے مزید لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر سننے کیلئے ہر سرکل میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ڈی پی او نے کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور انکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
کھلی کچہری میں پولیس افسران،صحافیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔