اسلام کے ہوتے ہوئےہمیں کسی چارٹر آف ڈیمانڈ کی ضرورت نہیں ہے؛ رُکن صوبائی اسمبلی پنجاب  ساجدہ آہیر

38

جوھرآباد ،10دسمبر  (اے پی پی): رُکن صوبائی اسمبلی پنجاب  ساجدہ آہیر نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سےجمعہ کو یہاں  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے چودہ سو سال پہلے اسلام نے تمام انسانوں کے حقوق متعین کر دئیے ہیں جو اس سے قبل حاصل نہ تھے۔اس لئے اب ہمیں کسی چارٹر آف ڈیمانڈ کی ضرورت نہیں  ہے۔لہذٰا ہمیں احکامات خداوندی اور خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو جاننے کی اشد ضرورت ہے۔

ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم جوہرآباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فرد خواہ وہ مرد ہو یا عورت جب وہ اپنے فرائض دیانت داری،محنت لگن اور خوش اسلوبی سے انجام دے گا تو اسے حقوق خود بخود مل جاتے ہیں۔

ایم پی اے ساجدہ آہیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اپنے ملک پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست کی جانب گامزن کر رہے ہیں اس سلسلے میں انہوں نے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں ۔ انہوں  نے کہا کہ ہمیں ملک کے استحکام اور ترقی کے لئے مذہب اسلام کی جانب لازمی آنا ہوگا تب ہی ہمیں ایک خوشحال پاکستان اور اسلامی فلاحی معاشرہ میسر آسکے گا ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیازاحمد مانگٹ اورمنیجر صنعت زار اُمِ فروا ہمدانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعت زار،ویمن کرائسزسنٹر وغرہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا حصہ ہیں۔