ملتان؛ انسانی حقوق کا عالمی دن، ٹرانس جینڈر کے حقوق کے حوالے سے  تقریب کا انعقاد

35

ملتان، 10 دسمبر (اے پی پی ): محکمہ تعلیم  جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پہلی بار ٹرانس جینڈر کے حقوق کے حوالے سے  ایک شاندار  تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ  پنجاب حکومت کی طرف سے ٹرانس جینڈرکمیونٹی کو تعلیم دینا اپنی نوعیت کا ایک منفرد فیصلہ تھا جس کا پہلا سکول ملتان میں قائم کیا گیا جبکہ اب اس سلسلےلاہور سمیت پنجاب کے دوسرے اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے جس سے اس طبقے کے افراد کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے معاشرے کا کارآمد فرد بنانے میں مدد ملے گی۔

 سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار  ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے لیے ایسی تقریب منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈرز کی بہتری کے لیے پہلا قدم  ان پر تعلیم کے دروازے کھولنا تھا جس کےلئے ہم نے عملی اقدامات کرتےہوئے ٹرانس سکول میں کلاسز کا اجراء کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈرز دوسرے بچوں سے زیادہ باہمت اور با صلاحیت ہیں۔

ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں ہمیں علم حاصل کرنے کا سفر جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹرانسجینڈرز کو شناخت دینی ہےاور اس سلسلے میں ٹرانسجینڈرز کے لئے شناختی کارڈ کے اجراء کے لیے نادرا ہر ممکن تعاون کر رہا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نادرا عمران علی خان کا نے کہا کہ میں نادرا کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  ٹرانسجینڈرز کے لیے دفاتر میں علیحدہ کاؤئنٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانسجینڈرز کو عالمی معیار کے مطابق شناختی کارڈز بنا کردیں گے جس سے وہ خلیجی اور یورپی ممالک کا سفر با آسانی کر سکیں گے۔

ڈی جی نادرا عمران علی خان نے  اس دوران ٹرانس جینڈرز اساتذہ کو اعزازی شیلڈز بھی دیں۔

بانی اخوت فاؤندیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے اخوت فاؤندیشن کی جانب سے ملتان میں  ٹرانس جینڈرز  طلباء کے لئے اقامتی تعلیمی ادارے کے قیام میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ غربت، دراصل  تعلیم، دوست، دولت، ماں باپ اور شناخت کا نہ ہونا ہے اور ٹرانسجینڈرز اسکی واضح مثال ہیں لہذا ہم سب کو ملکر ان کی محرومیوں کے خاتمے کےلئے کام کرنا ہو گا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیوٹا کی جانب سے ٹرانس سکول کے طلباء کو  باعزت روزگار کے حصول میں معاونت کےلئے ہنر سکھانے کے لئے کلاسز کے اجراء کا بھی اعلان کیا گیا۔

تقریب میں ٹرانس سکول کے طلباء نے خاکے اور پروگرامز پیش کئے جسے شرکاء نے بیحد پسند کیا۔

گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائی سکول ملتان میں منعقدہ تقریب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی، سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور، اخوت فاؤندیشن کے چئیرمین امجد ثاقب، ڈی جی نادرا  میجر ر عمران علی خان اور ٹرانس جینڈرکمیونٹی کے  نمائندہ افراد، اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔