25دسمبر کو قائداعظم کی سالگرہ کے موقع پر شہر قائد میں گرین لائن کے کمرشل آپریشن کا آغاز ہو جائے گا، وفاقی وزیر اسد عمر کا گرین لائن بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

9

کراچی۔10دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے  گرین لائن بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ25دسمبر کو قائداعظم کی سالگرہ کے موقع پر شہر قائد میں گرین لائن کے کمرشل آپریشن کا آغاز ہو جائے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ کے ٹی پی کے تمام منصوبوں بشمول گرین لائن بس، K-IV واٹر پراجیکٹ، نالوں کی صفائی، کراچی سرکلر ریلوے اور ریلوے فریٹ کوریڈور پر پیش رفت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبے کا افتتاح ہو چکا ہے جبکہK-IV منصوبے کے ذریعے کراچی کو 2023 تک پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔نالوں کی صفائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجر اور اورنگی نالے کا 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ محمود آباد نالے پر کام آئندہ 10 روز میں مکمل ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا اور کے سی آر کے لیے ایلیویٹڈ ٹریک تیار کیا جائے گا۔انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور گرین لائن منصوبے سے وابستہ پوری ٹیم کے کردار کو سراہا۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران عوام کا پیسہ ان پر خرچ کیا جائے گا۔