فیصل آباد ۔10دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کے فیصل آباد کیمپس میں منعقدہ دو روزہ قومی پاکستان آئی ٹی پروفیشنلز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2022 تک پاکستان میں صارفین کو G5 سروس میسر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ سے سپیشل ٹیکنالوجی زون کا ایکٹ پاس کروایا ہے اور پاکستان میں اگلے سال5جی بھی آئے گااور اس کے ساتھ ساتھ ہم 3جی اور4 جی کو بھی بہتر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سافٹ ویئر ایکسپور ٹ پر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ ہم سب نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ یہاں سے آپ نے جو سیکھا ہے اسے آگے پہنچانا بھی آپ کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم 50ارب روپے کے سکالر شپ دے چکے ہیں اور جو بچے آگے پڑھنا اور آگے بڑھناچاہتے ہیں ان کوبھی 2 لاکھ سکالر شپ احساس پروگرام کے تحت یئے جا چکے ہیں جبکہ مزید سکالر شیس کی فراہمی بھی جاری رکھی جا ئے گی تاکہ کوئی ٹیلنٹڈ جوان اس وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے کہ اس کے پاس اعلیٰ تعلیم کیلئے وسائل نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے پروگرام صوبوں نے بھی شروع کئے ہیں جنہیں وفاقی حکومت تمام ممکن معاونت فراہم کرے گی۔