لاہور، 11دسمبر (اے پی پی): کمشنر لاہور نے گیمز فار پیس ایونٹ کا بطور مہمان خصوصی باؤلنگ کروا کر تقریب کا افتتاح کر دیا ۔ہونگےفٹبال سٹیڈیم قزافی میں افتتاحی تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی،فلم سٹارز،کبڈی کے بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی کھلاڑیوں،خواتین ہاکی و کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور دیگر اہم و معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا کہ سپورٹس مین ہمیشہ امن کے سفیر ہوتے ہیں ،حکومت پنجاب سپورٹس پر مبنی سرگرمیوں کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے اور میں ایونٹ کے انعقاد پر سپورٹس بورڈ پنجاب کو مبارکباد دیتا ہوں۔
کمشنر لاہور نے تقریب کے دوران فلم سٹارز کے نمائشی میچ میں باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں فارمیٹ میں کھیل کر میگا ایونٹ کا افتتاح کیا اور شائقین و شرکا میں گھل مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ جلد از جلد ویکسین لگوائیں اور کورونا کو ہرائیں علاوہ ازیں کنٹیکٹ سپورٹس میں کووڈ ایس اوپیز کو ضرور مدنظر رکھیں، شہری ہر صورت کووڈ ویکسین کرائیں، اس طرح بہت جلد کھیلوں کیلئے ہمارے میدان دوبارہ سرگرم اور آباد ہوں گے۔











