سکھر،13دسمبر(اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کا ایک اہم اجلاس کنوینر چوہدری زاہد اقبال کی زیر قیادت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محمد یعقوب ملک، حاجی طاہر شیخ، جاوید ملک، شاہد علی سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن و امان کی ناگفتہ با صورتحال ، شہر کے وسط میں مسلح افراد کی جانب سے چوری، ڈکیتی، لوٹ مار، موٹر سائیکل چوری، چھیننے کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری زاہد اقبال، ملک یعقوب و دیگر کا کہنا تھا کہ پولیس کی مجرمانہ غفلت، لاپرواہی کے باعث اہم رہائشی، تجارتی علاقوں میں جرائم پیشہ افراد دن دھاڑے ٹیکس دینے والے شہریوں کو نقدی، موبائل، موٹر سائیکل، طلائی زیورات سمیت دیگر قیمتی اشیاءسے محروم کر رہے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پولیس افسران کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اس اہم مسئلے پر فوری توجہ دیکر چوری،چھینی گئی قیمتی اشیاءکو برآمد کرانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری ڈسٹرکٹ پولیس افسران پر عائد ہوگی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال ، چوری چھینی گئی اشیاءکی برآمدگی کیلئے جلد ایس ایس پی اور ڈی آئی جی سے بھی ملاقات کی جائے گی