حیدرآباد، 15 دسمبر (اے پی پی): کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ جنگلات کی زمینوں سے مکمل طور پر تجاوزات اور قبضہ ختم کرنے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں. وہ آج اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں محکمہ جنگلات کی زمینوں سے تجاوزات ہٹانے , اراضی واگزار کرانے اور جنگلات کی اراضی کی میوٹیشن سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر طاہر علی میمن، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری، ڈپٹی کمشنر سجاول عرفان سلام میروانی ، ڈپٹی کمشنر مٹیاری سمیت محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر حیدرآباد نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کہ ڈپٹی کمشنر سے رابطے میں رہےں اور اس ضمن میں جو بھی قانونی یا دوسرے مسائل ہیں ان سے ڈپٹی کمشنر کو ضرور آگاہ کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع سے محکمہ جنگلات کی زمینوں کو سو فیصد کلیئر کروایا جائے جبکہ اس ضمن میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ جنگلات کی واہ گزار کرائی گئی اراضی کو مستقبل میں قابضین سے بچانے کےلئے موثر اقدامات عمل میں لائے جائیں تاکہ اراضی کو محفوظ بنایا جاسکے اور بار بار کاروائی کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو مزید کہاکہ آپ ان زمینوں کے ذمہ دار ہیں لہذا ان زمینوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ان زمینوں سے تجاوزات ہٹانے اور میوٹیشن کے عمل کی خود بھی نگرانی کریں۔ اجلاس میں ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے اس ضمن میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔