وفاقی کابینہ نے مربوط ایس ایم ای پالیسی کو منظور کیا ، مخدوم خسرو بختیار

26

اسلام آباد۔15دسمبر  (اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ساتھ پریس کانفرنس سے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی کابینہ نے مربوط ایس ایم ای پالیسی کو منظور کیا۔

وفاقی کابینہ اور پنجاب حکومت نے پہلی بارچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبہ (ایس ایم ایز)کے لئے پالیسی منظور کی ہے، ایس ایم ای کے شعبہ میں 10 لاکھ سے زیادہ ادارے کام کر رہے ہیں جبکہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 4 ہزار مینوفیکچرنگ یونٹس موجود ہیں، 78 فیصد نوکریاں ایس ایم ای سیکٹر میں ہیں، ایس ایم ایز کو تین درجوں میں تقسیم کیاگیا ہے، نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو این او سی سے آزادی مل گئی، ایس ایم ای کاروبار کرنے والوں کو خصوصی مراعات دیں گے، ایس ایم ایز کے شعبہ میں کاروبار کرنے والی خواتین کو ٹیکس میں 25 فیصد خصوصی رعایت دی جائے گی، ایس ایم ایز کے شعبہ تک رسائی لئے 23 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں ایس ایم ایز کے لئے 4200 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جہاں پر 19 ہزار 500 پلاٹس آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے، ایس ایم ایز کو این او سیز کے حصول کے لمبے طریقہ کار سے نجات حاصل ہو گی۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پہلی بار ایس ایم ای پالیسی منظور کی ہے۔