اوکاڑہ،16دسمبر (اے پی پی): ڈسٹرکٹ پبلک سکول کالج گرلز سیکشن اوکاڑہ میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر پرنسپل نعیم اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کو 7 سال گزر گئے مگر افسوسناک دلخراش واقعہ کے زخم تازہ ہیں۔ ہم سانحہ آرمی پبلک اسکول کے ننھے شہداء کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔
تقریب میں طلباء وطالبات اور سٹاف نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے ننھے شہداء اور شہید اساتذہ کی یاد میں شمعیں روشن کرکے خراج تحسین پیش کیا۔اس تقریب میں سکول کے طلباءو طالبات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور قوم کو متحد کرنے پر اے پی ایس کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رہیں گی اور16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔