اسلام آباد،17 دسمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہی نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انڈس ریور کی اپ سٹریم پر داسو ٹاون میں تعمیر کیا جارہا ہے اور اپنی تکمیل کے بعد یہ عوام کے لیے نا صرف سستی بجلی کا ذریعہ بنے گا بلکہ اس سے پیداواری سیکٹر اور زراعت کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں وزارت آبی وسائل اسلام آباد میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بالائی کوہستان اور داسو کے مقامی لوگوں کی سماجی و معاشی ترقی میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔
اجلاس میں ضلع انتظامیہ نے سٹیئرنگ کمیٹی کو بتایا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے درکارٹول 5051ایکٹر میں سے 4185 ایکڑ ارضی کامیابی سے حاصل کر لی گئی ہے۔ کمیٹی نے اس امر کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بقیہ 1866 ایکڑ اراضی 2022-06-30 تک حاصل کر لی جائے۔
اجلاس میں ورلڈ بینک کے نمائندوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پراجیکٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ نے 2021-07-14 کے سیکورٹی واقعہ کے بعد درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کر کے داسو پراجیکٹ پر کام دوباره شروع کروایا۔
کمیٹی نے داسو پراجیکٹ کے متاثرین کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور واپڈا کو ہدایت کی کہ یہ معاملہ تین ماہ کے اندر حل کرلیا جائے۔
وفاقی وزیر نے واپڈا کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام کے ساتھ ملکر دا سوپرا جیکٹ پر سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کیے جائیں۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ ضلع کوہستان کے مقامی لوگوں کے جائز مطالبات متعلقہ قوانین کی روشنی میں پورے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں ورلڈ بینک حکومت خیبر پختونخواہ، وزارت توانائی اور واپڈا کے اعلی حکام نے شرکت کی۔