لاہور، 22دسمبر (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے 3 ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی اور حلقوں کے مسائل، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے گفتگو کی۔
وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، محمد غیاث الدین اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل تھے۔اشرف انصاری کے بھائی یونس انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ آپ خلوص نیت سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
آپ نے سیاست میں شائستگی، رواداری اور شفافیت کے کلچرکو فروغ دیا ہے –
ارکان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب نمائندو ں کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر تے ہیں – پنجاب میں حقیقی معنوں میں وہ کام کئے جو ماضی میں کوئی نہ کر سکا –
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پنجاب اسمبلی میرے ساتھی ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔
آپ کی عزت میری عزت ہے۔ منتخب نمائندوں کے احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے،ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا، پنجاب میں تمام فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں -انھوں نے کہا کہ ہماری نیت نیک اورسمت درست ہے،تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکنا ہے – ان کا یہ ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے – وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مخالفین کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں ،کھوکھلے نعرے نہیں لگائے، صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے-











