اسلام آباد،25 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے، ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔آج وزیراعظم عمران خان اسی پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے لائٹ شو کے انعقاد کے موقع پر کیا۔تقریب میں قائداعظم کے پیغامات خصوصی طور پر آویزاں کئے گئے۔پارلیمنٹ ہاﺅس اور دیگر عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسا ملک دیا جہاں ہم اسلام کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے سماجی، سیاسی، اخلاقی اور معاشی لحاط سے زندگی گذار سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا ہے۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا پر پوری دنیا میں مسلم امہ کا موقف پیش کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں دلیرانہ تقریر کی اور وہ موقف رکھا جو قائداعظم کا موقف تھا، پوری دنیا آج وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کر رہی ہے جںکہ روسی صدر پیوٹن نے بھی ناموس رسالتﷺ پر وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کی ہے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پوری قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کی 145 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ قوم اتحاد، ایمان اور تنظیم کے بنیادی اصولوں کو اپنائے گی۔
تقریب میں سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
سورس: وی این ایس ، اسلام آباد











