اٹک،25دسمبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے پاکستان خاص طور پر ضلع اٹک کی عوام کا شناختی کارڈ ہی ان کا ہیلتھ کارڈ تصور ہوگا جس کے ذریعے کارڈ ہولڈرز دس لاکھ روپے تک کا علاج مفت کرا سکیں گے ۔ حکومت نے مختلف ہسپتالوں کو ان کے علاج کے لیے مختص کر دیا ہے جہاں پر وہ اپنا علاج کرا سکیں گے، یہ ایک انقلابی قدم ہے جس سے ایک عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ مہر پورہ شرقی اور ای بلاک میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ای بلاک فلٹریشن پلانٹ کی مینٹیننس کی ذمہ داری ریکٹ بینکیزئیر پاکستان نے اٹھائی ہے جس پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اٹک شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 5 فلٹریشن پلانٹ دئیے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ این اے 55 کی ہر یونین کونسل میں ایک ایک کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جلد شروع ہونگے، عوامی مشکلات سے آگاہ ہیں جلد اس میں کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں صاف پینے کا پانی عوام کو میسر نہیں یہی وجہ ہے کہ ہم نے سب سے پہلے عوام کو مفت پینے کا صاف پانی اپنی اولین ترجیحات میں رکھا ہے، اس وقت 45 کے قریب واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا چکے ہیں، آئندہ چند ماہ میں 100 کے قریب مختلف مقامات پر یہ پلانٹس لگائے جائیں گے۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ مہنگائی کے جن پر جلد ہی قابو پا لیا جائے گا یہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے مہنگائی سے متاثر ہوئی ہے ۔
سورس: وی این ایس، اٹک











