لاہور،26دسمبر (اے پی پی): گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت کو سیاسی مخالفین کے کسی احتجاج سے خطرہ نہیں، حکومت آئینی مدت پوری کرے گی اور ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر 2023میں ہی ہوں گے۔ عام آدمی کی مضبوطی اور خوشحالی کیلئے عمران خان کی قیادت میں حکومت عملی اقدامات کر رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اطہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان تحر یک انصاف پنجاب کے نئے صدر و وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات میں کیا ، ملاقات میں پارٹی اور حکومت امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پورے پاکستان میں یکساں نظام تعلیم کیلئے وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے کیے اقدامات کو سراہا اور وزیرتعلیم شفقت محمود کو تحر یک انصاف پنجاب کا صدر بننے پر مبارکباد بھی دی۔
چوہدری محمد سرور اورشفقت محمود نے اپوزیشن کو سڑکوں پر آنے کے بجائے الیکشن کے انتظار کا مشورہ دیتے ہوئے اپوزیشن پر واضح کر کیا کہ انشاء اللہ حکومت آئینی مدت پوری کر یگی اور ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر 2023میں ہی ہوں گے۔
گورنر پنجاب اور وزیر تعلیم نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے مظالم پربھی تشویش کا اظہار کیا ۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کورونا سے پیدا ہونیوالی بدترین مشکلات کے
باوجود وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال کرنے کیلئے جو اقدامات کیے ہیں انکی وجہ سے معاشی میدان میں پاکستان بحرانوں سے نکل رہا ہے اور عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی شعبے میں ترقی کے اقدامات کا اعتراف کر رہے ہیں جبکہ انشاء اللہ موجودہ حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام وسائل بیروکار لائے گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا ۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عوام نے تحر یک انصاف کو پانچ سال حکومت کر نے کا مینڈیٹ دیا ہے اور آئینی مدت پوری کرنا تحر یک انصاف کا آئینی اور جمہوری حق ہے، سیاسی مخالفین کو بھی چاہیے کہ وہ سڑکوں پر آکر احتجاج کر نے کے بجائے ملک میں ہونیوالے آئندہ عام انتخابات کا انتظار کر یں کیونکہ احتجاج سے حکومت کو پہلے کوئی خطرہ رہا ہے اور نہ ہی ہم اب خوفزدہ ہوں گے ۔
وفاقی وزیر تعلیم اور تحر یک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے پر اعتماد کا اظہار کر کے مجھے پنجاب کا صدر بنایا ہے، انشاء اللہ میں پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اتروں گا اور پنجاب بھر میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کارکنوں کو بھی انکا حق اور عزت دی جائے گی ۔
سورس: وی این ایس ، لاہور











