لاہور، 27دسمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہیلتھ پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں جاری ہیلتھ پراجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔انھوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت میں بہتری آئے گی۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت نیا پاکستان صحت کارڈ پنجاب کے ہر شہری کو ملے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ کااجراء جنوری سے لاہور ڈویژن سے کیا جارہا ہے جبکہ 31مارچ تک نیا پاکستان صحت کارڈ راولپنڈی،فیصل آباد،ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ اورسرگودھا ڈویژن میں بھی لانچ کر دیا جائے گا-یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 3برس میں تقریباً 400ارب روپے خرچ کئے جائیں گے-وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے- نیا پاکستان صحت کارڈکے ذریعے ہرخاندان کو 10لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی-انھوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہاہے۔ ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے محنت اور جذبے سے کام کرنا ہو گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شعبہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور مسیحائی کا درجہ رکھتا ہے۔ مسیحائی کے پیشے سے وابستہ لوگ دین اور دنیا دونوں کماتے ہیں۔ کسی کے زخمو ں پر مرہم رکھنا نیک کام ہے۔ بہترین علاج معالجہ عام آدمی کا حق ہے اور یہ حق عوام کو دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ لاہور میں 3نئی سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسیز بنائی جائیں گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ 2022ء میں پنجاب میں صحت کے شعبہ میں کئی منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا ہمارا مشن ہے۔ عثمان بزدارصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











