ن لیگ کے دور میں 1500 سکول اپ گریڈ ہوئے، ہم نے تین سالوں میں 1500 سکول اپ گریڈ کیے اور 27000 سکولز اپ گریڈ کرنے کا ہدف ہے؛ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

34

لاہور، 27 دسمبر ( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور میں 1500 سکول اپ گریڈ ہوئے، ہم نے تین سالوں میں 1500 سکول اپ گریڈ کیے اور 27000 سکولز اپ گریڈ کرنے کا ہدف ہے۔

ان خیالات کا  اظہار   انہوں نے   عبدالستار ایدھی انڈر پاس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے اپنے محکمے میں جتنا کام تین سال میں کیا ہے اتنا کام گزشتہ 70برس میں نہیں ہوا، مراد راس نے ای ٹرانسفر،ای لیواورای پنشن جیسے انقلابی اصلاحات متعارف کرائیں، 3برس میں 1500سکول اپ گریڈ کرچکے ہیں ،رواں مالی برس8 ہزارمزید سکول اپ گریڈ ہوں گے،اگلے دوبرس میں مجموعی طورپر27ہزارسکولوں کو اپ گریڈکیا جائے گا، ماضی کی حکومت نے 5برس میں صرف 1500سکولوں کو اپ گریڈ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق لاہور میں Lahore Techno  Polis  بنا رہے ہیں ہائر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے 790ایکڑ اراضی پر قائم ہونے والے اس تاریخی منصوبے کا بنیادی مقصد نئی نسل کوعالمی معیار کی ٹیکنالوجی اورریسرچ بیسڈتعلیم اورہائی ٹیک مینوفیکچرنگ کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ سپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ کے تحت تمام مراعات حاصل ہوں گی اور10سال کے لیے ٹیکس کی چھوٹ بھی ملے گی ماضی کی حکومت نے نالج پارک پر 2ارب کا خرچہ کیا اورایک اینٹ نہیں لگائی۔