ملتان،30 دسمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے تحصیل شجاع آباد کا دورہ کیا ۔انہوں نے ریونیو عملے کے ہمراہ ڈیجیٹل گرداوری کی انسپکشن کی اور فصلوں میں پیدل چل کر فصلوں کا لینڈ ریکارڈ اپ لوڈ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر نے تحصیل میں جاری ڈیجیٹل گرداوری پر بریفنگ بھی دی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے زرعی فصلوں کا ریکارڈ آن لائن کرنے کا آغاز کررکھا ہے تاکہ کسانوں کی فصلوں اور پیدوار کا ریکارڈ مرتب کیا جاسکے۔ضلع ملتان کے 5 سو سے زائد مواضعات میں ڈیجیٹل گرداوری جاری ہے جس کی براہ راست نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گردآوری سے حکومتی سبسڈی اور باردانہ کی فراہمی میں مدد ملے گی جبکہ کاشتکاروں کی ملکیت و کاشت کے مسائل بھی حل ہونگے،بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع ملتان کی ریکنگ صوبے میں نمایاں پوزیشن پر ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ زرعی فصلوں کا ریکارڈ آن لائن ہونے سے کاشتکاروں کو ریلیف ملے گا اور حکومت کے ریکارڈ کو بہتر کرنے میں مدد بھی ملے گی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے شجاع آباد کے کسانوں سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل کے حل کے احکامات جاری کئے۔











