برسلز،30 دسمبر (اے پی پی ):یوروپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ 12 ویں آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔سفیر نے شرکاء کو کرسمس، یوم جناح اور نئے سال کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نیا سال تمام پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے لیے بھی امن اور خوشی کا پیغام لائے گا۔
حکومتی اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر جنجوعہ نے کہا کہ ٹیکس سہولت پوائنٹس کا قیام، آن لائن پاور آف اٹارنی اٹیسٹیشن سسٹم، روش ڈیجیٹل اکاؤنٹ، روشن اپنا گھر سکیم، اوورسیز فیسیلیٹیشن ڈیسک اور فارن منسٹرز پورٹل سمندر پار پاکستانیوں کو بڑے پیمانے پر سہولت فراہم کریں گے۔
سفیر جنجوعہ نے برسلز میں حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات بشمول وزیر خارجہ، گورنر پنجاب، صدر آزاد کشمیر اور سیکرٹری کامرس کے دوروں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان دوروں نے بیلجیئم، یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کورونا کی نئی لہر پر قابو پانے کے لیے، سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ احتیاط برتیں اور مقامی ضابطوں کی پابندی کریں۔
تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔
آن لائن کھلی کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کمیونٹی ممبران نے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔











