ملتان، یکم جنوری (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں شہریوں کے پراپرٹی ریکارڈ میں شفافیت اور روایتی پٹواری کلچر کے خاتمے کیلئے اراضی ملکیت میں شناختی کارڈز کے اندراج اور ڈیجیٹل گرداوری کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے تحصیل سطح پر دیہی مراکز مال کے قیام سے ریونیو سسٹم میں نئی جدت سامنے آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل میاں چنوں کے دورے کے موقع پر ریونیو افسران اور پٹواریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ریونیو افسران عوام کو ریلیف دینے کیلئے نیک نیتی سے ان کی شنوائی کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات صحیح معنوں میں عوام تک پہنچائے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل میاں چنوں میں ریونیو افسران کی کمی پوری کرنے کیلئے بورڈ آف ریونیو کو سمری بھیجی جائے گی تاکہ فیلڈ میں گرداوری سمیت تمام ریونیو مراحل میں تیزی آسکے۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا اور شہریوں کے درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت عوام کو انکی دہلیز پر سروسز فراہمی مشن ہے۔ہر ماہ کے آغاز میں ریونیو کچہری کا مقصد ایک چھت تلے شکایات کا ازالہ ہے۔دیہی مرکز مال پر بھی ریونیو سے متعلقہ سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔عوای خدمت ریونیو کچہری کو عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی پذیرائی پر کچہری دو روز لگائی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی وژن کے تحت کام کر رہے ہیں۔بعد ازاں کمشنر ملتان نے دیہی مرکز مال،سب رجسٹرار آفس، اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی دستیاب سہولیات بارے بات چیت کی۔کمشنر ملتان نے اپنی نگرانی میں ڈیجیٹل گرداوری بھی کروائی۔
سورس: وی این ایس، ملتان











