لاہور، یکم جنوری (اے پی پی):ترجمان پنجاب حکومت حسان خاورنے سال 2022ء کی آمد پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال نو، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پاکستان کی تعمیر و ترقی کا سال ہو گا۔
نئے سال پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ 2021 پنجاب کی ترقی کا سال تھا،2021 میں پاکستان کورونا سے باہر آیا اور معیشت کا پہیہ چلا،ہماری پالیسی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسینیٹ کرنا تھی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت نے تیزی سے صوبے میں ویکسی نیشن مہم چلائی، جنوری 2021 میں 5 ارب کی لاگت سے لاہور شیخوپورہ دو رویہ روڈ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا،اس کے ساتھ پاکستان میں پہلی دفعہ ٹائیفائڈ کی ویکسی نیشن متعارف کرائی گئی۔
حسان خاور نے کہا کہ فروری 2021 میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے 15 ارب کا راجن پور ترقیاتی پیکج دیا،اس کے ساتھ لاہور میں دور رس نتائج کے حامل سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا،مارچ میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے سرگودھا اور چنیوٹ کے لیے تقریباً 1700 کروڑ کا ترقیاتی پیکج دیا اور فیصل آباد، چنیوٹ، سرگودھا روڈ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا،اپریل 2021 میں کہسار یونیورسٹی مری کا افتتاح،27 ہزار سکولوں کو 50 ارب کی لاگت سے اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،سو سال سے رائج فرسودہ آبیانہ نظام کی جگہ جدید ای-آبیانہ سسٹم متعارف کرایا گیا،ملتان سے کسان کارڈ کی تقسیم کا بھی آغاز ہواجس سے کسانوں کی حالت میں بہتری آئے گی، اپریل میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز اور ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کیا گیا،ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ پراجیکٹ سے 35 ہزار کم لاگت گھر تعمیر کیے جائیں گے،مئی میں ساہیوال اور ڈی جی خان سے صحت انصاف کارڈ کو باقاعدہ لانچ کیا گیا۔
حسان خاور نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد ایئر پورٹ کے لیے چار سو ایکڑ اراضی مختص کی ماہِ جون 2021 میں حکومت پنجاب نے تاریخ ساز بجٹ دیا،پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام بڑھ کر 686 ارب کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔انہوں نے عوامی سہولیات کے حوالے سے کہا کہ 337سہولت بازاروں کے قیام سے عام آدمی کو مہنگائی کے دوران ریلیف دیا گیا جون میں ہی 360 ارب کی خطیر رقم سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کا اعلان بھی ہوا، جولائی 2021 میں تمام جاری سکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز جاری کر دیئے گئے،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو گاڑیوں کا بہت بڑا پول دیکر اسکی استعداد کار بڑھائی گئی ،اس کے ساتھ یکساں نصاب تعلیم کے لیے لرننگ مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا،اگست میں شاہکام فلائی اوور کا سنگِ بنیاد، کوہِ سلیمان میں سیاحتی منصوبے کا افتتاح ہوا، اگست میں فورٹ منرو میں واٹر سکیم کی بحالی پر کام کیا گیا،راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت رَکھ چوک میں سمارٹ فارسٹ کا آغاز ہوا،راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ آنے والے دنوں میں صوبے کو چالیس ارب ڈالر کا فائدہ دے گا۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سگیاں کے مقام پر دنیا کے سب سے بڑے میاواکی جنگل کا سنگِ بنیاد رکھا،ستمبر 2021 میں مزدوروں کو مزدور کارڈ کے اجراء پر کام شروع کر دیا گیا،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کو ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دیا گیا،بہتر ویکسینیشن کے باعث ہم تیزی سے پنجاب کو پولیو فری بنانے کی جانب گامزن ہیں، اکتوبر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے سرمایہ کاری سہولت سنٹر کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ وقار النساء یونیورسٹی راولپنڈی کا افتتاح، شیرانوالہ گیٹ پر داتا گنج بخش فلائی اوور کا سنگِ بنیاد رکھا گیاڈینگی پر قابو پانے کے لیے ایکسپو سینٹر میں ایک عارضی فیلڈ ہسپتال قائم کیا گیاکرونا ویکسی نیشن گھر گھر پہنچانے کے لیے “ریچ ایوری ڈور” مہم کا آغاز ہوا نومبر 2021 میں وفاق کے تعاون سے للّہ جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر کا آغاز ہوایہ سڑک خوشاب، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور میرپور کی معیشت تبدیل کر دے گی اٹک میں دو سے بستروں پر مشتمل ہسپتال سمیت کئی منصوبوں پر کام کا آغاز ہوا،دوبئی ایکسپو 2022 میں پنجاب کے کئی محکموں نے سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے،نومبر میں ہی وفاق کے تعاون سے پنجاب حکومت نے احساس راشن پروگرام کا آغاز کی، ماہِ دسمبر میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے گلاب دیوی ہسپتال کے سامنے عبدالستار ایدھی انڈر پاس کا افتتاح کیا اور لاہور میں ٹیکنوپولس کا بھی افتتاح کیا گیا جو مستقبل میں پاکستان کا سلیکون ویلی بنے گا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نئےسال میں پورے پاکستان میں صحت کارڈ کے اجراء کا اعلان بھی دسمبر میں کیا گیا،اسی ماہ پاکستان کی تاریخ کا مضبوط ترین لوکل گورنمنٹ سسٹم بھی منظور کیا گیا،ہمقدم پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو امداد دی جائے گی، 2022پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک بہترین سال ہو گا،اس نئے سال میں ہم نے وزیرِ اعظم کے ویژن اور وزیرِ اعلیٰ کے مشن کے تحت پنجاب کو بہتر سے بہترین بنانا ہے۔
سورس:وی این ایس، لاہور











