حیدرآباد، یکم جنوری (اے پی پی): کمشنر محمد عباس بلوچ نے ان تمام خواتین کو جو اپنے علم و ہنر کے ذریعے اپنے خاندانوں کو سپورٹ کر رہی ہیں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خواتین دنیا کو نہ صرف یہ پیغام دے رہی ہیں کہ پاکستانی خواتین اپنے علم و ہنرمیں کس قدر ماہر ہیں بلکہ ملکی ثقافت کو بھی فروغ دے رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر، یو کے ایڈ اور دیگر اداروں کے اشتراک سے ایکسپو سینٹر حیدرآباد میں منعقدہ “ویمن ان ٹریڈ ، ایکسپورٹ ریڈینس 101” کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر تعاون کرنے والے اداروں سے کہا کہ آپ نے جس طرح کا کارخیر شروع کیا ہے اس پلیٹ فارم کی توسط سے غریب عورتوں اور انکے خاندانوں کی معاشی مدد کی جاسکے گی یہ ایک صدقہ جاریہ ہے اور اس طرح کی منصوبہ بندی کر کے ہی اپنے مقامی علم و ہنر کو فروغ اور غربت کے خاتمہ کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ اگر اس سیمینار میں تمام کرافٹس سے منسلک خواتین کو مدعو کیا جاتا تو یہ ہال بھی چھوٹا رہتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے کارخیر منظم منصوبہ بندی سے ہوتے رہے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے دور دراز کے علاقوں کی معیشت میں بھی مثبت تبدیلی رونما ہوگی اور دنیا دیکھے گی کہ ہماری خواتین کتنی باہنر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کو کوویڈ جیسی وبا سے محفوظ رکھے، کوویڈ آنے کہ بعد سے آن لائن خرید وفروخت میں اضافہ ہوا ہے جس سے روایتی کرافٹس کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے۔
محمد عباس بلوچ نے اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ انہیں جب بھی اس طرح کے کاموں کے لیے اپنی خدمات فراہم کرنے کا موقع ملا تو وہ یہ کام نوکری نہیں بلکہ کارخیر سمجھ کر انجام دیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے حکام کو کہا کہ وہ جن علاقوں کی خواتین سے ہنڈی کرافٹس لے رہیں ہیں ان علاقوں میں ہسپتال، اسکول اور انکی معیار زندگی کو بھی بہتر بنانے پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو ابھی محض ایک شروعات ہے ابھی بہت سے کرافٹس ان کی سپورٹ کے منتظر ہیں۔
سیمینار سے محمد شعیب ظفر ایڈوائزر ٹریڈ پالیسی آئی ٹی سی, عدیل حیدر آئی ٹی سی کنسلٹنٹ، ڈاکٹر شمائلہ سکندر ڈپٹی ڈائریکٹر وومن ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سورس:وی این ایس، حیدر آباد











