وزیر اعظم عمران خان جلد ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے؛ معاون خصوصی ملک امین اسلم خان

34

اٹک،03 جنوری  (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقداما ت اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان جلد ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، وہی امید کی آخری کرن ہیں، عمران خان ملک کے لٹیروں کیساتھ ساتھ مہنگائی کے خلاف بھی عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خگوانی چوک میں حضرو شہر کی سوئی گیس کے کم پریشر کی بحالی کے سلسلہ میں لگائی جانیوالی ٹی بی ایس کی افتتاحی تقریب کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اٹک میں کئی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جو وزیر اعظم عمران خان کا ضلع اٹک کے عوام کیلئے تحفہ ہیں، اٹک میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی،ائیر یونیورسٹی، 45واٹر فلٹریشن پلانٹس جبکہ سوئی گیس سے محروم علاقوں کیلئے سوئی گیس کی منظوری بھی ہو چکی ہے، پابندی ختم ہونے کے بعد ان علاقوں کو بھی سوئی گیس فراہم کر دی جائے گی حضروٹراما سنٹر وزیر اعظم عمران خان نے میری درخواست پر خصوصی طور پر منظور کیا ہے، منصوبے پر25لاکھ روپے لاگت آئی ہے

 معاون خصوصی ملک امین اسلم خان نے کہا کہ  ٹی بی ایس کی منظوری سے حضرو شہر نے سوئی گیس کے پریشر کم ہونے میں مدد ملے گی، بہت جلد ایک ٹی بی ایس اٹک میں بھی لگایا جا رہاہے۔

 قبل ازیں ملک امین اسلم نے ملک شمشیر اسلم کے ساتھ خگوانی چوک میں ٹی بی ایس کا افتتاح کیا۔