اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت ہندوتوا جیسی متعصبانہ پالیسیوں کے باعث تباہی کی طرف جارہا ہے، اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان دنیا کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ بہتر طریقہ سے رکھ سکتا ہے، پاکستان قانونی اور اخلاقی اعتبار سے کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اکیلے نہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں کتاب”بانگ” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو مقبوضہ کشمیر کے طویل ترین سیاسی قیدی ڈاکٹر قاسم فکتو نے تحریر کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اس وقت ورلڈ آرڈر ذاتی مفادات پر مبنی پھر بھی پاکستان کا وقار بڑھا، کشمیری مجاہدین کو سلام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کے پاس موقع ہے کہ وہ عالمی رائے عامہ کے سامنے کشمیر کے حوالہ سے اپنا مؤقف پیش کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت فیک نیوز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں’ سب ٹھیک’ کا ڈرامہ رچا رہا ہے، کشمیرپریمیئر لیگ نے دنیا بھر کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں شہری کس آزادی سے رہ رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ توہین رسالت کے معاملہ پر وزیراعظم عمران خان کے پیش کئے گئے مؤقف کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بیان نے مہر لگا دی ہے، پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں افغانستان کے حوالہ سے دنیا کے سامنے ٹھوس مؤقف پیش کیا، او آئی سی کے وزراء خارجہ کونسل کے حالیہ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کے حوالہ سے بھرپور طریقے پر اپنا مؤقف پیش کیا گیا جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رائے عامہ کے سامنے یہ حقیقت رکھی گئی کہ افغانستان کو نہیں بھلایا جا سکتا۔ صدر نے کہا کہ اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے بہتر طریقہ سے رکھ سکتا ہے، پاکستان قانونی اور اخلاقی اعتبار سے کشمیر کا مقدمہ لڑے گا۔ انہوں نے برسر جدوجہد کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بات کا تصور بھی نہیں کرسکتا کہ وہ کشمیریوں کو ان کی حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں اکیلا چھوڑ سکتا ہے۔











