پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور  عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے متمنی ہیں،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عمان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے گفتگو

35

اسلام آباد،6جنوری  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور  عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے متمنی ہیں۔یہ بات انہوں نے عمان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو  وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،عمان میں پاکستان کے سفیر ایمبیسڈر، کے کے احسن وگن سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق السعید کی قیادت کو سراہا۔وزیر خارجہ نے انجینئر ریدھا جمعہ محمد علی الصالح، کو بطور چیئرمین او سی سی ائی عمان تقرری پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ تقافتی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار، گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔عرب ممالک میں عمان نہ صرف جغرافیائی طور پر بلکہ ثقافت اور زبان کے لحاظ سے بھی پاکستان کے بہت قریب ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی قیادت کا وژن معاشی تحفظ کے گرد مرکوز ہے۔پاکستان، جیو اکنامکس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ، اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے،220 ملین کی آبادی پر مشتمل، معیشت ہونے کے ناطے، پاکستان،بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کرنے اور منافع کمانے کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی  2001 میں سلطان قابوس  کے دورہ پاکستان کے بعد قائم کی گئی تھی جو آج بھی پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعلقات کے بنیادی ستون کے طور پر کام کرتی ہے۔وزیر خارجہ نے پاک عمان جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گذشتہ روز جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نائف بن فلاح الحجراف کے ساتھ ہماری ملاقات بہت سود مند رہی جس میں ہم نے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے، ایک مشترکہ ایکشن پلان پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے دونوں چیمبرز کے درمیان کاروباری شخصیات کے اجلاسوں کے  انعقاد اور اومان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز  کی پاکستان میں تجارتی نمائشوں میں شرکت  کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان قومی اور علاقائی ترقی کے لیے ایشیا کے سنگم پر اپنے جغرافیائی اقتصادی محل وقوع سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، ہم پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور  عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے متمنی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، سیاحت اور تجارت کے فروغ کیلئے آن لائن ویزہ سمیت بہت سی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔چیرمین، عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور عمان کے درمیان، دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔