چیئرمین سینیٹ سے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے  وفد کی ملاقات

32

اسلام آباد۔7جنوری  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی  نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں،  دونوں ملک اپنی جغرافیائی قربت کو سامنے رکھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں، پاکستان عمان کیلئے وسط ایشیائی ریاستوں تک گیٹ وے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین انجینئر ریدھا الصالح کی قیادت میں تجارتی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔  ملاقات میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی اتفاق  کیا گیا۔  چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ عمان تجارتی سرگرمیوں کیلئے پاکستان کو یورپی ممالک تک رسائی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی دوطرفہ روابط کو مزید استحکام د یا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ   دونوں ممالک کے درمیان بین الاقوامی سطح پر مثالی تعاون ایک دوسرے پر بھر پور اعتماد کو ظاہر کرتا ہے،  عالمی سطح پر مختلف فورمز پر دونوں ممالک میں بہتر معاونت دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے ایوان بالا اور عمان کے درمیان ادارجاتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تاریخی باہمی مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ عمانی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار ہے، پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی اقتصادی اور ٹیکنالوجی زونز قائم کئے ہیں،حکومت عمانی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، تجارتی وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین روابط مزید مضبوط ہوں گے۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان اورعمان اپنے اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھائیں،  عمان کے سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر عمانی وفد نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ملاقات میں سینیٹر ز حافظ عبدالکریم ، دلاور خان، منظور احمد کاکڑ ، کہدہ بابر ، ذیشان خانزادہ،فیصل سلیم اور سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی شریک تھے۔