فیصل آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے جمعہ کی رات مقامی ہوٹل میں بزنس کمیونٹی اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے 2030ء تک 70 فیصد بجلی کی پیداوار لوکل ایندھن اور لوکل کوئلے پر منتقل ہوجائے گی۔
حماد اظہر نے کہا کہ جب بجلی امپورٹڈ ایل این جی اور امپورٹڈ کوئلے پر بنائی جاتی ہے تو وہ پانی کی نسبت100 سے 250 فیصد مہنگی ہوتی ہے اسی لئے حکومت 10 نئے ڈیم بنارہی ہے جن کی تکمیل سے سستی بجلی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں جتنے بھی بڑے بجلی گھر لگائے گئے وہ امپورٹڈ ایندھن پر لگائے اور اس وقت 60 فیصد مہنگی ترین بجلی امپورٹڈ فیول پر بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ملک میں زیادہ سے زیادہ 20811 میگا واٹ بجلی سپلائی ہوتی تھی لیکن اب ہم 24750 میگا واٹ بجلی سپلائی کر رہے ہیں جسے ہم 2023 تک 30 ہزار میگا واٹ تک لیکر جا ئیں گے اور2030ء تک 70 فیصد بجلی کی پیداوار لوکل ایندھن اور لوکل کوئلے پر منتقل ہوجائے گی۔











