ملتان؛ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے تونسہ میں میاواکی جنگل بنانے کا فیصلہ

37

ملتان، 08 جنوری(اے پی پی): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے تونسہ میں میاواکی جنگل بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس سلسلے میں اخباری اشتہا ر دے کر جنگل کی تعمیر کے فوری احکامات جاری کر دیئے ہیں۔تونسہ انڈس ہائی وے پر ٹرمینیلیا کے درختوں کی شجرکاری جاری ہے۔12فٹ سے زائد اُونچائی کے درختوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔انڈس ہائی وے پر 100سے زائد لائیٹس فعال کر دی گئی ہیں۔درختوں سے ماحول خوبصورت اور سازگار ہوگا۔

                انھوں نے ان خیالات کا اظہار تونسہ انڈس ہائی وے پر شجرکاری اور واک کے موقع پر کیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے میاواکی جنگل کے مقام کا دورہ بھی کیا۔اُنھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین وژن پر عمل پیرا ہیں،تونسہ میں شجر کاری کا شعور بیدار کرنے کے لیئے عوامی رابطہ مہم اور واکس کا اہتمام کر رہے ہیں۔

سیکرٹری نے کہا کہ انڈس ہائی وے گرین بیلٹ پر شجرکاری انتہائی مشکل کھدائی کے بعد عمل میں لائی جارہی ہے،جس پر ڈی جی پی ایچ اے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ درخت آکسیجن سپلائی کا ذریعہ ہیں۔ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ شجرکاری کے فروغ کے لیئے بھرپور اقدامات کرتے رہے گے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی نے کہا کہ واکس کے اہتمام سے لوگوں میں درختوں کی افادیت کا شعور اجاگر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بڑے سائز کے درختوں سے اُن کی نشونما جلد یقینی ہوگی۔

انہوں نے میاواکی جنگل کے مقام کا معائنہ کیااور انڈس ہائی وے پر لائیٹس کی تنصیب کو چیک کیا،آگاہی شجر کاری واک کی قیادت کی اور ٹرمینیلیا کے درختوں کی شجرکاری کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیئے دعا کی۔

اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے ڈی جی خان اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال بھی موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، ملتان