ملتان؛ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام نظریہ پاکستان فورمز جنوبی پنجاب کا خصوصی تنظیمی اجلاس

57

ملتان، 09 جنوری(اے پی پی ): نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام نظریہ پاکستان فورمز جنوبی پنجاب کا خصوصی تنظیمی اجلاس سرپرست اعلیٰ بیگم مجیدہ وائیں کی زیرِ صدارت اتوار کو  یہاں  مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نظریہ پاکستان فورمز کے تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری نظریہ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیرانتظام نظریہ پاکستان فورمز چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور چترال میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس کے علاوہ کئی بڑے ممالک میں بھی نظریہ پاکستان فورمز کام کررہے ہیں، نظریہ پاکستان فورمز نئی نسل میں پاکستانیت کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں اس سلسلہ میں قومی ایام اور مشاہیر و اکابرین کے ایام پر مختلف نوعیت کی تقریبات کے ذریعے پاکستان کے قیام کیلئے اکابرین و اجداد کی قربانیوں سے روشناس کروایا جاتا ہے اس کے ساتھ ساتھ قائد اعظم والنٹیئر کے تحت نوجوانوں کو نظریہ پاکستان فورمز کا حصہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  جنوبی پنجاب سمیت پاکستان بھر میں نظریہ پاکستان فورمز کو فعال کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو حصول پاکستان کیلئے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے آگاہی دے جاسکے۔انہوں نے  بتایا  کہ قیام پاکستان کے پچھتر برس مکمل ہونے پر امسال پاکستان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منا کر نئی نسل میں جذبہ پاکستانیت کو فروغ دیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم مجیدہ وائیں،سید تابش الوری، سیف اللہ چوہدری اور پورفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے، پاکستان کو اقبال اور قائد اعظم کا حقیقی پاکستان بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ  نظریہ پاکستان فورمز کو یونین کونسلز لیول کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور مدارس میں بھی فعال کرنا چاہئے تاکہ نئی نسل کی صیح خطوط پر آبیاری ہوسکے۔اس موقع پر سانحہ مری میں وفات پانے والے اور تحریک پاکستان و نظریہ پاکستان فورمز کے وفات پانے والے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی جبکہ آخر میں مہمانان گرامی میں اعزازی شیلڈز تقسیم کئی گئیں۔ علاوہ ازیں میزبان صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے تمام شرکائے اجلاس کو اپنی تازہ تصنیف کا تحفہ پیش کیا۔

سورس:وی این ایس، ملتان