اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہ حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان مکمل ورکنگ ریلیشن شپ ہے، وزیر اعظم نے وزارتی کمیٹی بنائی تھی جس نے چیف الیکشن کمیشن اور ممبران سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ایک بات واضح ہے کہ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن ایک حقیقت بننے والی ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہونگے، الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو بھی کہا ہے کہ وہ صوبہ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کے لئے ماحول اور انتظامی امور کو فعال کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ای وی ایم کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کررہی ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ ہے، الیکشن کمیشن کسی بھی متعلقہ ادارہ سے مدد مانگ سکتا ہے، ہم وزارت کی طرف سے مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا پروٹو ٹائپ الیکشن کمیشن کے معیار کے مطابق بنایا ہے، ای وی ایم کے بارے میں قانون بن گیا ہے اب اس اس کی مخالفت برائے مخالفت نہیں ہونی چاہئے، دنیا ٹیکنالوجی کی طرف جارہی ہے ہمیں اب نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔