اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نے انتخابی عمل میں اہم حصہ دار بنانے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آئی ووٹنگ کا حق دیا ہے، ہمیں توقع ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ، حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ وہ بدھ کو اوور سیز گلوبل فائونڈیشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمیشہ ہمارے لیے اہم رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی ایک وقت میں سمندر پار پاکستانی تھے، اس تجربے سے میں بھی گزر چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی کسی ملک میں بھی ہوں ان کی پاکستان سے محبت کئی گنا بڑھ جاتی ہے کیونکہ دوری میں احساس محرومی کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کے تجربات اور مہارت کی ضرورت ہے۔











