اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کے لئے موجود حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے، اوورسیز پاکستانی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی خدمت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے وراثتی سرٹیفیکیٹ کے عمل کو شفاف اور آسان بنادیا ہے، اس سے اوورسیز پاکستانیوں بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 3ارب ڈالر سے زائد بھجوائے، جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کررہے ہیں،پاکستان بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں جس میں اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کوویڈ- 19 چیلنج سے ہماری معیشت پر چیلنج آیا، وزیراعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی رہی ،دنیا ہماری حکمت عملی کو سراہا رہی ہے۔آج پاکستان میں صنعتیں 100فیصد کام کررہی ہیں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریکارڈ فروخت ہوئی۔ہاؤسنگ کے شعبے میں 1000ارب کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔کم آمدن گھروں کے لئے 260 ارب کی درخواستیں موصول، 40 ارب فراہم کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی، کوویڈ 19، عالمی مہنگائی، ٹرانسپورٹیشن مہنگی ہونے جیسے چیلنجز کا سامنا رہا۔ 7 کروڑ آبادی کو مفت ویکسین لگائی کاچکی ہے، 250ارب کی ویکسین خریدی گئی۔انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ نیٹ ورک قائم، صحت انصاف کارڈ متعارف کریا گیا،260 ارب روپے سے احساس پروگرام متعارف کرایا گیا تاکہ غریب اورپسے ہوئے طبقات کی براہ راست مدد کی جائے۔











