قومی اسمبلی اپوزیشن ایوان کی بجاۓ سڑکوں پر کارروائی میں حصہ لینا چاہتی ہے، ڈاکٹر بابر اعوان کی پریس کانفرنس

16

اسلام آباد۔13جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ  قانون سازی کے لیے سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ترامیم ایوان کے اندر پیش کریں، عمران خان کی حکومت پر  تمام ارکان  اور اتحادیوں کا مکمل اعتماد ہے، قانون سازی اکثریت سے منظور کرائیں گے ۔ جمعرات  کو یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن جس وجہ سے ایوان کے اندر کی بجائے  باہر احتجاج میں حصہ لینا چاہتی ہے وہ ہمیں معلوم ہے ،ہم قومی اسمبلی میں 64 آئٹم  لے کر جا رہے ہیں جس میں سے 59 قانون سازی سے متعلق ہیں اور یہ قانون سازی سیاسی نہیں قومی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اور اتحادیوں کا وزیراعظم پر مکمل اعتماد  ہے اور وہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے قرضوں میں سے 13 پروگرام مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کےا دوار حکومت میں لیے گئے  اور انہوں نے بھی ٹیکس اصلاحات سے متعلق آئی ایم ایف کے مطالبات تسلیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کی تاریخ کے 71سال ہیں اور دوسری طرف عمران خان کے صرف تین سال ہیں، عمران خان کی حکومت کا 71 سالوں سے موازنہ کر کے دیکھ لیں آپ کو واضح کامیابیاں نظر آئیں گی ۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کی تشکیل نو کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے، 100 اور 104 کے درمیان  یو سی آئی بنیں گی، پہلی دفعہ اسلام آباد کے میئرکا براہ راست انتخاب ہوگا اور اس کی کابینہ میں 6 ایکسپرٹ  اور پروفیشنلز رکھیں گے جو شہر کی ترقی، تعلیم اور صحت کی ضروریات کا خیال کریں گے۔