کراچی،15جنوری (اے پی پی):سندھ کے اپوزشن جماعتوں بشمول پاکستان تحریک انصاف ، ایم کیو ایم( پاکستان) اور جی ڈی اے نے سندھ کے بلدیاتی بل کو کالاقانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ بل پورے نظام کو تباہ کردے گا۔ہفتہ کو اپوزشن جماعتوں کی جانب سے فوارہ چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ووفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے عوام کو کچھ نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کالا بلدیاتی قانون متعارف کرایا ہے ،عوام اس کی مخالفت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر علی زیدی نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ کچرا اٹھا سکتے ہیں اور نہ ہی لوگوں کو پانی فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا ہے اور میں اعلان کرتا ہوں کہ تحریک انصاف گھوٹکی سے کراچی مارچ کرے گی اور صوبائی حکومت کا تختہ الٹ دے گی۔اس موقع پر مشترکہ اپوزیشن کے دیگر رہنمائو ں بشمول حلیم عادل شیخ، حسنین مرزا، عامر خان، خواجہ اظہار الحسن اور نصرت سحر عباسی نے بھی احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کیا۔بعدازاں مشترکہ اپوزشن کے رہنمائوں اور کارکنان نے بلدیاتی قانون کے خلاف علامتی دھرنا بھی دیا اور سندھ حکومت اوربلدیاتی بل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔
سورس:وی این ایس، کراچی