اٹک،16جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں عوامی فلاح کے تمام منصوبوں پر کام کر رہی ہے، پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو شفاف اور معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہاہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حاجی شاہ روڈ اور گولڑہ روڈ کی تعمیر نو کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ہائی وے کے افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حاجی شاہ دو رویہ سڑک دس کلو میٹر کی ہے جو 90 کروڑ روپے کی لاگت سے 2 سال میں مکمل ہو گی، جبکہ گولڑہ روڈ کی لمبائی 6.5 کلو میٹر ہے جو سات کروڑ روپے کی لاگت سے تقریبا ایک سال میں مکمل ہو گی۔صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے دونوں شاہراؤں کی تعمیر کے متعلق عوامی مسائل بھی سنے اور موقع پر ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حاجی شاہ روڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو دو رویہ کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہاں پر ٹریفک کا انتہائی بہاؤ ہے اور آئے روز حادثات کی وجہ سے انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔اس کے ساتھ گولڑہ روڈ کی تعمیر نو بھی انتہائی ضروری ہے جو نہایت خستہ حال ہے۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے عمائدین علاقہ سے بھی ملاقات کی۔علاقے کی عوام نے سیدیاور عباس بخاری کی طرف سے عوامی فلاح کے اقدامات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دونوں اہم شاہراؤں کے اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سورس:وی این ایس، اٹک