وزیراعظم کی ہدایت پر دودھ میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن

20

ملتان،18 جنوری(اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر دودھ میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن،ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ محمد مبشر رحمان کی زیرنگرانی ملتان ڈویژن کے اضلاع میں دودھ بردار گاڑیوں اور ملک شاپس کی چیکنگ کی گئی۔ اس موقع پر  ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی، ملک شاپس کی چیکنگ کے دوران 1 ہزار 55 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا ہے،تمام اضلاع میں تقریبا 22 ہزار لیٹر دودھ کی ٹیسٹنگ، ملاوٹ کرنے پر 1 لاکھ 34 ہزار کے جرمانے عائد کیا گیا ہے اورکہا کہ لودھراں میں 52 دودھ بردار گاڑیوں اور ملک شاپس کی چیکنگ کے دوران 440 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا ہے جبکہ خانیوال میں 14 جگہوں پر دودھ کی چیکنگ کے دوران 350 لیٹر ملاوٹی دودھ اور وہاڑی میں 31 ملک شاپس اور گاڑیوں کی انسپکشن کرتے ہوئے 230 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ دودھ کو جدید لیکٹوسکین۔مشین کی مدد سے چیک کیا جارہا ہے،تلف کیے گئے دودھ میں پانی اور ڈیٹرجنٹس کی ملاوٹ پائی گئی تھی اور کہا کہ حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں دودھ کی کوالٹی چیک کی جارہی ہے،بازار سے خریدے جانے والے دودھ کا مفت ٹیسٹ کروانے کےلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قریبی دفاتر تشریف لائیں۔