اسلام آباد،18جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی پولیس، سول آرمڈ فورسز اور مسلح افواج نے ملک و عوام کےتحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، پوری قوم ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پولیس پرفائرنگ کرنے والے دہشت گرد تھے ، ان کے ٹھکانوں کا پتہ چلا لیا ہے، پہلے سے زیادہ مستعد اورچوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے منگل کو اسلام آباد پولیس کے شہید کانسٹیبل منورکی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیرداخلہ نے کہاکہ گزشتہ روز کراچی کمپنی کےقریب دہشتگردی کا واقع ہوا ، ڈیوٹی پر موجود ہیڈ کانسٹیبل منور فائرنگ سے شہید ہوگئے۔ یہ چوری یا ڈکیتی کا واقعہ نہیں ہے ،دہشتگردی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمیں بہت زیادہ الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔پولیس نے اپنی جان دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی تمام فورسز پاکستان کی حفاظت کے لئے جان کا نذرانہ دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں تک پہنچ گئے ہیں ،انہیں موٹر بائیکس کی مدد سے ٹریس کیا ہے اور ان کے ٹھکانے کا بھی پتہ چلا لیا ہے۔