پبلک ویلفیئر کے تمام امور شاندار انداز میں انجام دیئے جائیں تاکہ علاقہ کے لوگوں کو ریلیف حاصل ہو؛ ڈپٹی کمشنر  بہاولنگر

40

بہاولنگر، 20 جنوری (ے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ  محمد وسیم نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق پبلک ویلفیئر کے تمام امور شاندار انداز میں انجام دیئے جائیں تاکہ علاقہ کے لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر عوام الناس کو بھرپور ریلیف دینے کے سلسلے میں ضلعی انتظامی افسران  کے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں موجود مین ہولز کے ڈھکنوں کی تنصیب، خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور سیوریج لائن کی مرمت و دیکھ بھال کے کام فوری طور پر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ   سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں آمد و چھٹی کے اوقات میں طلبا و طالبات کو سڑک عبور کرانے کے لئے متعلقہ سکولوں کے اساتذہ کرام کو نگرانی کے لئے مامور کیا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بس اسٹینڈز پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ وائٹ واش کے کام اور مسافروں کے لئے بیٹھنے کا مناسب انتظام بھی کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں پر وائٹ واش اور پینٹ کے کام مکمل کئے جائیں۔   علاقہ میں موجود پلے گراؤنڈز اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کے کام بھی بہتر انداز میں انجام دیئے جائیں۔

انہوں نے   کہا کہ ضلع بھر میں موجود پرانے پلوں کی مرمت اوردیکھ بھال سمیت کوڑاکرکٹ بھی مناسب طریقہ سے تلف کیا جائے۔   ضلع بھر میں بل بورڈز کی تنصیب درست طریقہ سے کی جائے اور حکومت کی ہدایت کے مطابق وال چاکنگ کے خاتمہ سمیت واٹر ٹینکس کی صفائی اور کلورینیشن کے کام بھی بروقت کئے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں نکاس آب کے کام بہتر طریقے سے بروئے کار لائے جائیں اور پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے۔انہوں نے  کہا کہ ضلع بھر میں موجود ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر بہاول نگر نے ہدایت کی کہ اوورلوڈنگ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔  ضلع بھر کے دیہی اور شہری علاقوں میں موجود چھوٹی سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے کام جلد مکمل کئے جائیں اور ٹریفک آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والے یوٹیلیٹی پولز کو بھی مناسب جگہوں پر نصب کیا جائے۔ انہوں نے   کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے صفائی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے اور پبلک ویلفیئر کے امور انجام دینے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں  اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد الجبار گجر، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، چیف آفیسر ضلع کونسل، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔